نیویارک(پاکستان نیوز) صدر ٹرمپ نے مختلف ریاستوں میں پابندیاں اٹھانے اور معمولاتِ زندگی بحال کرنے سے متعلق تین مراحل پر مشتمل گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ جمعرات کو وائٹ ہاﺅس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بعض ریاستوں میں معلوماتِ زندگی فوری طور پر بحال ہو جائیں۔ صدر ٹرمپ کو رواں برس صدارتی انتخاب کا چیلنج بھی درپیش ہے اور وہ لاک ڈاﺅن کے خاتمے اور معیشت کا پہیہ چلانے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم متعدد رہنماﺅں کو خدشہ ہے کہ اگر پابندیوں میں نرمی کی گئی تو کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے گھروں میں قیام، اجتماع پر پابندی، اسکولوں کی بندش سمیت دیگر پابندیاں نافذ ہیں۔ جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر ا±ن کی ماہرین کی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اب دوسرا قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم ملک کو کھولنے جا رہے ہیں۔” صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض ریاستیں کرونا وائرس کے اثرات سے محفوظ ہیں اور وہ کل ہی کھولی جا سکتی ہیں۔