پاکستان ”عالمی ہِنج پاور” بن کر ابھر اہے

0
5

اسلام آباد (پاکستان نیوز) برطانوی اخبار نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے اہم ”ہِنج پاور” بن کر ابھر رہا جو بدلتے عالمی نظام میں مختلف طاقتوں کیساتھ بیک وقت روابط تزویراتی فائدے میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن تہران براہ راست مذاکرات کی میزبانی کرکے اپنی سفارتی اہمیت کا واضح اشارہ دیا اور بدلتے عالمی نظام میں زیادہ موثر کردار کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔ سعودی عرب اور ترکی کیساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی بڑھتی علاقائی سلامتی کی اہمیت کا عکاس ہے،پاکستان کی بڑی تزویراتی قوت یہ ہے کہ واشنگٹن اور بیجنگ دونوں کیساتھ مفادات پر مبنی شراکت داری قائم جبکہ خلیجی ریاستوں اور ایران دونوں کیساتھ رابطے برقرار رکھنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے، یوں کسی ایک عالمی کیمپ تک محدود کئے بغیر اہم طاقتوں کیساتھ کام کرنیوالی اہم درمیانی طاقت بن رہا ہے۔ پاکستان کے معاشی منصوبوں پر اخبار نے کہا کہ امریکا کیساتھ کرپٹو اور اہم معدنیات کے شعبوں میں تجارتی امکانات پاکستان کی نئی معاشی سفارت کاری کا حصہ ہیں، وسط ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے کا منصوبہ نئی منڈیاں اور علاقائی تجارت کے دروازے کھول سکتا ہے، سعودی پشت پناہی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے اعتماد کا باعث بن سکتی ہے، پاکستان اپنی جغرافیائی حدود سے نکل کر وسیع تر عالمی کردار کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ خارجہ پالیسی پر اخبار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اسے بیک وقت امریکا، چین، مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا میں تزویراتی گنجائش فراہم اور بڑھتی سفارتی سرگرمی پاکستان کو عالمی طاقتوں کے درمیان ایک اہم رابطہ کار ریاست بنا رہی ہے۔اخبار نے تجویز کیا کہ نئی عالمی بساط میں پاکستان کی تزویراتی اہمیت اس حد تک بڑھ رہی کہ اسے عالمی ‘رسک بورڈ’ پر الگ مقام ملنا چاہیے۔