مرحوم کی بخشش و مغفرت کی دعائیں اور ساہی خاندان سے اظہار دکھ و دعائے صبر
تعزیت کرنیوالوں میں سیاسی، معاشرتی، ادبی، کاروباری و دیگر حلقوں کی نمائندہ شخصیات شامل
شکاگو(پاکستان نیوز) شکاگو لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ممتاز سماجی و کمیونٹی شخصیت خالد ساہی کے لاہور میں دنیائے فانی سے کُوچ کر جانے کا سانحہ نہایت رنج و الم کا باعث ہوا ہے، کمیونٹی کے تمام حلقوں نے ایک متحرک، فعال، قابل اور محب وطن پاکستانی کے بچھڑ جانے کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے اہل خاندان بالخصوص شکاگو میں مقیم ان کے بھائیوں مسعود ساہی و نصرت ساہی سے اظہار تعزیت و یکجہتی کیا ہے۔ مرحوم کی بخشش، مغفرت و اعلیٰ درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کی گئی ہیں۔ تعزیت کرنیوالوں میں مرحوم کے دیرینہ دوست، سیاسی و کاروباری رہنما رشید چوہدری، ممتاز معالج و کمیونٹی رہنما ڈاکٹر طارق بٹ، کاروباری شخصیت چوہدری منیر اختر، ماہر تعلیم و PUPC کے صدر ڈاکٹر وصی اللہ خان، پاکستان نیوز کے بیورو چیف رانا جاوید، میرا پاکستان کے صدر آصف ملک، ہیومن رائٹ ایکٹوئسٹ سلمان آفتاب، IFANCA کے سربراہ ڈاکٹر منیر چوہدری، SADA گروپ کے شوکت سندھو، اور سیف چوہدری، خالد ساہی کے دیرینہ ساتھیوں کلیم خان اور کامران خان کے علاوہ پاکستان نیوز کے انور علی رومی و دیگر قابل ذکر ہیں۔ ڈاکٹر طارق بٹ نے اپنے تعزیتی کلمات میں خالد ساہی کو پاکستانی کمیونٹی کیساتھ مثالی ربط و تعلق رکھنے اور پاکستان پریڈ کمیٹی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ چوہدری رشید نے مرحوم خالد ساہی سے اپنے دیرینہ تعلقات اور سابق صدر بل کلنٹن کی انتخابی مہم میں مرحوم کے اہم کردار کے حوالے سے انہیں مخلص، فعال اور پاکستانی کمیونٹی کے روشن چہرے کی تصویر قرار دیا۔ رانا جاوید نے مرحوم کو ایک متحرک فرد، قابل شخصیت کمیونٹی کا بہترین دوست اور محب وطن پاکستانی قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال کو کمیونٹی کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔