پاکستانی کمیونٹی کی اہم و فعال شخصیت خالد ساہی کا لاہور میں انتقال پُر ملال

0
910

 

مرحوم خالد ساہی، معروف شخصیات مسعود ساہی، نصرت ساہی، مظہر ساہی کے بھائی اور شکاگو میں پریڈ کمیٹی کے بانی رکن تھے

شکاگو میں یوم آزادی پریڈ کے دیوان ایونیو پر انعقاد اور وارن پارک میں میلے کا آغاز خالد ساہی نے ہی کیا، مرحوم پاکستانی و امریکی سیاست میں بھی فعال رہے

شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے کے سیاسی و سماجی حلقوں خصوصاً پاکستانی کمیونٹی میں ساہی خاندان کے فرزند خالد ساہی کی لاہور میں کرونا کے باعث رحلت کی خبر نہایت دُکھ کیساتھ سنی گئی۔ معروف سیاسی، سماجی و کمیونٹی شخصیات ڈاکٹر شفقت چوہدری، عظمت ساہی، نصرت ساہی، مسعود ساہی و مظہر ساہی کے بھائی 67 سالہ خالد ساہی بدھ 23 دسمبر کو لاہور کے شریف ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم خالد ساہی 70ء کی دہائی میں شکاگو آئے اور انتہائی متحرک و فعال زندگی کے حامل رہے۔ پاکستانی کمیونٹی سے گہرے روابط اور پاکستانی امریکن سیاسی و سماجی منظر نامے میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ مرحوم پاکستان پریڈ کمیٹی کے بانی رکن رہے اور 1990 میں کمیٹی کے آغاز سے ہی متحرک رہے۔ 1994ء میں پریڈ کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے اور پریڈ کمیونٹی کے ہر طبقہ کی بھرپور شرکت کے وژن کے تناظر میں پریڈ کا مشی گن کے بجائے دیوان ایونیو سے انعقاد کا آغاز کرنے کیساتھ شکاگو کے وارن پارک میں یوم آزادی پر میلے، اسپورٹس مقابلے اور ثقافتی پروگرام کی روایت کی بنیاد ڈالی۔ یہ وہ دور تھا جب پاکستان ڈے کے حوالے سے سب متحد تھے اور کوئی گروپنگ یا اختلاف نہ ہوتا تھا۔ مقتدر پاکستانی قائدین بشمول وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر وزراء و اہم رہنما تقریب میں شرکت کیلئے خصوصاً شکاگو آتے تھے۔ کمیونٹی میں نامور سیاسی رہنما چوہدری رشید، سماجی و کمیونٹی رہنما ڈاکٹر طارق بٹ، خالد ساہی سے قبل پریڈ کمیٹی کے چیئرمین رہے تھے۔ مرحوم خالد ساہی پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں انتہائی متحرک و ایکٹو رہے اور پیپلزپارٹی میں شہید بینظیر بھٹو کے انتہائی قریب سمجھے جاتے تھے۔ مرحوم خالد ساہی امریکی معاشرت میں بھی نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ امریکی سیاست میں بھی نہایت اہم کردار ادا کرتے رہے۔ نامور پاکستانی رہنمااور صدر بل کلنٹن کے رفیق رشید چوہدری کے ہمراہ بل کلنٹن کے انتخاب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مرحوم کے سابق نائب صدر ایلگور اور سابق میئر ڈیلی سے بھی بہترین مراسم تھے اور انہوں نے ان تعلقات کو کمیونٹی کی فلاح و بہتری کیلئے استعمال کیا۔ مرحوم خالد ساہی نے سوگواران میں بیوہ، چار اولادوں، پانچ بھائیوں، دو بہنوں، افراد خاندان، سینکڑوں احباب اور چاہنے والوں کو غمگسار چھوڑا ہے۔ ادارہ پاکستان نیوز خالد ساہی کے انتقال پر مسعود ساہی، نصرت ساہی، ڈاکٹر شفقت چوہدری، عظمت ساہی، مظہر ساہی، مرحوم کی بہنوں، بیوہ اور بچوں کے غم میں یکساں شریک ہے اور اللہ رب العزت سے مرحوم کی بخشش، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نیز لواحقین کو صبر جمیل کیلئے دعا کرتا ہے۔ آمین ثم آمین۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here