لاہور(پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کرکٹ کی طرز پر ایسی سلیکشن کمیٹی لانے کے لئے سنجیدگی سے غور کررہا ہے ، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ ہی چیف سلیکٹر ہوگا جبکہ اس کے ساتھ 6 صوبائی ٹیموں کے ہیڈکوچز سلیکٹرز ہوں گے ،نیوزی لینڈ میں یہ ماڈل بے حد کامیاب ہے ۔ہیڈ کوچ کو چیف سلیکٹر بنا کر اسے سلیکشن کے مکمل اختیارات ضرور مل جائیں گے ، وہ سیاہ سفید کا مالک ہوگا لیکن ہیڈ کوچ ہی ہر بری کارکردگی کے لئے جواب دہ بھی ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئی سلیکشن کمیٹی مقرر کرنے کے لئے اشتہار دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی کا تقرر کرنے کے لئے تین مختلف ماڈل پر غور کررہا ہے ۔ سب سے مقبول ماڈل نیوزی لینڈ کی طرز کا ہے ۔ اس مجوزہ نظام سے ہیڈ کوچ کا مکمل احتساب ہوسکے گا۔لاہور میں تین ہفتے قبل پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے کہا تھا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے لئے تین تجاویز زیر غور ہیں ایک تجویز یہی ہے کہ انضمام الحق کی سلیکشن کمیٹی والا پرانا نظام برقرار رکھا جائے ۔دوسری تجویز یہ ہے کہ کسی کو چیف سلیکٹر بناکر صوبائی ٹیموں کے کوچز کو سلیکٹر بنا دیا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا انحصار ہیڈ کوچ پر بھی ہے کہ وہ دہری ذمے داری قبول بھی کرتا ہے یا نہیں۔