گال ٹیسٹ سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

0
201

گال(پاکستان نیوز) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دیمتھ کرونارتنے کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 60 پوائنٹس حاصل کر لئے ، فاتح ٹیم نے 268 رنز کا ہدف میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان دیمتھ کرونارتنے اور لاہیرو تھریمانے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 161 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، تھریمانے 64 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن کرونارتنے نے ڈٹ کر کیویز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 122 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، انہیں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اتوار کو گال ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 133 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 135 رنز درکار تھے جبکہ کرونارتنے 71 اور تھریمانے 57 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے ، 161 کے سکور پر سومر ویلی نے تھریمانے کو 64 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، کوسل مینڈس 10 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ، 218 کے سکور پر آئی لینڈرز کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان کرونارتنے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 122 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ٹم ساﺅتھی کی گیند کا نشانہ بنے ، کوسل پریرا کو 23 کے انفرادی سکور پر بولٹ نے اپنا شکار بنایا، اس کے بعد میتھیوز اور دھنن جایا ڈی سلوا نے بالترتیب 28 اور 14 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔بولٹ، ساﺅتھی، سومر ویلی اور اعجاز پٹیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here