اسلام آباد:
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں ملک کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کمزور مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر اندازہو رہی ہے، جو ہفتہ کے روزتک ملک کے شمالی علاقوں میں رہے گا، اس کے بعد اتوار سے بدھ تک ایک اور تیز بارشوں اور برف باری برسانے والا مغربی ہواوٴں کا سلسلہ آرہا ہے جس کے باعث آج رات سے کل جمعے کے دوران شمالی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع میں کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ہے، اس دوران اٹک، راولپنڈی کے اضلاع ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ آج رات سے شروع ہوجائے گا، اور ہفتہ کے روز چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، اور کو ہستان کے اضلاع، کشمیر، گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارشوں اور برفباری کا سلسلہ ہفتے کے دن تک جاری رہ سکتا ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اور بالائی علاقوں میں مشنیری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے، اس دوران مری اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے، سیاح موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کے روز بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے، اتوار (رات) اور پیر کے روزکوئٹہ ، قلعہ عبد اللہ ، قلعہ سیف اللہ ، لورا لائی ، کوہلو ، ژوب اور ڈی جی خان کے پہاڑی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث طغیانی کا بھی خد شہ ہے، اس دوران تمام متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
اتوار (رات) سے منگل (رات) تک خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع، پنجاب ، گلگت بلتستان ،کشمیراور اسلام آباد میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے، پیر سے منگل کے دوران چترال ، دیر، سوات ، شانگلہ ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، وادی نیلم، باغ اور حویلی کے اضلاع میں بھی درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے، بارشوں کے اس سلسلے کے دوران دھند میں کمی کا امکان ہے۔
پیر کو دادو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، سکھر ، جیکب آباد اور شکارپور کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے، کراچی کے اضلاع میں رات کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے، پیر سے منگل کے دوران چترال ، دیر ، سوات ، شانگلہ ، بونیر ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، کوہستان ، وادی نیلم ، باغ اور حویلی کے اضلاع میں بھی درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔