اسلام آباد:
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور نیب گٹھ جوڑ نے ملک میں ترقی کرتی معیشت، کاروبار، روزگار اور گورننس کو تباہ کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے 2018ء سے 2019ء تک کون سی سیاسی مشاورت کی؟ ان کو پتا بھی ہے کہ سیاسی مشاورت اور اتفاق رائے ہوتا کیا ہے؟ 2018ء میں کاروبار، صنعتیں اور روزگار سب چل رہا تھا لیکن عمران نیازی اور نیب گٹھ جوڑ نے ملک میں ترقی کرتی معیشت، کاروبار، روزگار اور گورننس کو تباہ کردیا، بیورو کریٹس اور کاروباری برادری احتساب سے نہیں ’نیب نیازی‘ گٹھ جوڑ سے خوف زدہ ہے۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری اور بیورو کریٹس کا اعتماد عمران خان کے جانے کے بعد بحال ہوگا، ملک میں درست اور صحیح فیصلوں کا عمل تیز ہوگا، ملک میں کاروبار، روزگار اور صنعت چلے گی، عمران خان نے ایک سال میں 11 ہزار ارب کا تاریخی قرض لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، نوازشریف نے 5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لے کر اتنے منصوبے لگائے جن پر عمران خان آج بھی اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ایک سال میں ریکارڈ قرض لے کر ضائع کردیا، قرض لے کر قوم پر غیر ملکی قرضوں کا بوجھ بڑھایا اور یہ پیسہ لوگوں کی جیب میں جارہا ہے، نوازشریف نے قرض لیا تو قوم پر لگایا، بجلی کے اندھیرے ختم کیے، قوم کو گیس کے بحران سے نجات دلائی، 11 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائیں، ہزاروں کلومیٹر موٹرویز بنائیں اور راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں عوام کو میٹروز کی سہولت دی۔