ایک اچھا شہر!!!

0
5
رعنا کوثر
رعنا کوثر

ایک اچھا شہر!!!

نیویارک میں اچھی سی گرمیوں کا مزا لے کر اب ہم امریکہ کی ایک پرسکون خشک آب و ہوا والی اسٹیٹ ایریزونا آ گئے ہیں جہاں سردی میں بھی گرمی کا مزا ملتا ہے۔ ہم یہاں کچھ دن رہیں گے اور یہاں کے موسم، کھلی سڑکوں اور شفاف آسمان کے مزے لیں گے۔ ایک زمانہ تھا کہ یہاں کی آبادی بہت ہی کم تھی اور لوگ یہاں آنا پسند نہیں کرتے تھے کیونکہ یہاں گرمی بہت زیادہ پڑتی تھی اور درجہ حرارت تقریباً ایک سو پندرہ فارن ہائیٹ تک ہو جاتا تھا۔ ایسے میں یہاں یا تو یہاں کے مقامی لوگ رہتے تھے یا وہ لوگ رہتے تھے جو یہاں کسی خاص مقصد سے آئے تھے۔ پھر 1908کے بعد یہاں کی آبادی بڑھنی شروع ہوئی کیونکہ ایئر کنڈیشنڈ کا زمانہ آ چکا تھا اور اب یہاں اچھے خاصے لوگ آباد ہو چکے ہیں۔ کمپیوٹر کی کئی کمپنیاں یہاں کھل چکی ہیں جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ اچھی تعداد میں آ چکا ہے۔ بہرحال یہ ایک اچھی اور پرسکون جگہ ہے اگرچہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہاں ہریالی یا بہت حسین نظاروں والی سرزمین ہے لیکن امریکہ کی یہی خوبی ہے کہ ہر عام سی جگہ کو بھی خاص کر دیا جاتا ہے۔ اس لیے یہاں کی صفائی ستھرائی اسی طرح ہے جیسے امریکہ کی دوسری اسٹیٹس میں ہے۔ انتہائی گرمی میں ریت اور مٹی کے طوفان بھی آتے ہیں، کہیں سایہ نہیں ہے اور صرف صحرائی درخت نظر آتے ہیں یا پھر خالی زمین مگر پھر بھی صاف شفاف چوڑی سڑکیں بنائی گئی ہیں۔ ہر جگہ پانی کا انتظام ہے اور دھول مٹی سے اٹی سڑکیں ہیں نہ گھر، اس لیے تھوڑی سہولت ملنے پر بھی ایک عام شہری آرام سے نقل مکانی کر لیتا ہے کیونکہ یہاں اسکولوں اور کالجوں کی سہولت ہے اور ہر طرح کا کھانا پینا اسی طرح ملتا ہے جس طرح دوسری اسٹیٹس میں ملتا ہے۔ وہی شاپنگ مال اور وہی فاسٹ فوڈ کے ریسٹورنٹ پورے ملک میں موجود ہیں اور یہ تمام چیزیں ایک طرح کی ہوتی ہیں اس لیے بہت اچھا لگتا ہے۔ نیویارک ہو، فلوریڈا ہو یا پھر کیلیفورنیا، زندگی کی عام سہولتیں ہر شہری کو حاصل ہیں۔
ایریزونا نیویارک سے دور دراز کا علاقہ ہے اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ہمارے پاکستانی یہاں گھومنے پھرنے آنے کی خواہش رکھتے ہوں گے کیونکہ یہ خشک بھی ہے، یہاں گرمی بھی ہے اور کوئی قابل ذکر بڑی بلڈنگیں بھی نہیں ہیں، پھر بھی یہاں آ کر سکون ملتا ہے کیونکہ یہاں کے ماحول میں بہت سادگی ہے۔ نیویارک کی طرح گہما گہمی نہیں ہے بلکہ اچھے، صاف ستھرے گھر اور پرسکون لوگ ہیں جبکہ پہاڑیاں بہت ہیں۔ آج ہم ایک فارم دیکھنے گئے جہاں کھجور کے درخت ملے اور اس کے علاوہ موسمی لیموں اور انار کے درختوں کا ایک بہت بڑا فارم بنایا ہوا ہے۔ ایک اور بھی فارم تھا جہاں بہت ساری تعداد میں شتر مرغ موجود تھے جنہیں افریقہ سے کوئی آدمی لایا تھا اور اب ان کی ایک بڑی تعداد یہاں ہو چکی ہے جسے لوگ دیکھنے جاتے ہیں۔
یہ بڑی عام اور چھوٹی باتیں میں نے آپ کو بتائی ہیں مگر امریکہ کی اچھی بات یہ ہے کہ عام جگہیں بھی خاص لگنے لگتی ہیں کیونکہ یہاں حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور پھر لوگ بھی ایمانداری سے کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے عام جگہ کو بھی خاص بنا لیا جاتا ہے۔ اس جگہ کی ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ انتہائی خشک علاقہ ہونے کے باوجود یہاں آسمان انتہائی شفاف اور صاف ہے شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں مٹی عام دنوں میں اڑتی ہی نہیں ہے۔ اگر یہی سڑکیں ہر جگہ ہوں تو مٹی کیوں اڑے اور آسمان کیوں میلا ہو۔ کاش ہمارے ملک پاکستان کے خوبصورت شہر کراچی کو بھی تھوڑا صاف ستھرا کر کے سڑکیں پکی کر دی جائیں تو وہاں بھی شفاف نیلا آسمان نظر آئے اور وہاں بھی ہم سب جا کر گرمی کے باوجود اپنے شہر کا بھرپور مزا لے سکیں اور خوش ہو کر واپس آئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here