اوہایو(پاکستان نیوز) اوہایو میں گذشتہ ہفتے ایک 36 سالہ خاتون، سلونی کھیترپال کو گرفتار کر لیا گیا کیونکہ وہ اپنے گھر کی لینڈ لائن سے بار بار پولیس ایمرجنسی 911 کو کال کر کے یہ کہے جا رہی تھیں کہ ان کے والدین نے ان کی موبائل فون سروس بند کروا دی ہے جو ایک سنگین مسئلہ ہے لہٰذا پولیس کو ان کی مدد کیلئے فوراً پہنچنا چاہئے۔ تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ اوہایو پولیس بھی اس بارے میں مکمل خاموش ہے کہ آخر سلونی کھیترپال کے والدین نے ان کی موبائل فون سروس کیوں بند کروائی۔ البتہ اتنا ضرور بتایا ہے کہ وہ بار بار پولیس ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے وہاں موجود اہلکاروں سے کہہ رہی تھیں کہ پولیس ان کے گھر آئے اور ان کی موبائل فون سروس بحال کروائے۔ ہیلپ لائن پر موجود اہلکاروں نے جب ان پر واضح کیا کہ والدین کی جانب سے موبائل فون سروس بند کروانا ان کا گھریلو معاملہ ہے جس میں پولیس کوئی دخل اندازی نہیں کر سکتی، تو انہوں نے مو¿قف اختیار کیا کہ والدین کی جانب سے بند کروایا گیا موبائل فون نمبر پیشہ وارانہ طور پر ان کے استعمال میں ہے جس کے بند ہو جانے کے بعد سے وہ کام نہیں کر پا رہی ہیں۔ لہذا ان کے معاملے کو قابلِ دخل اندازی پولیس قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے۔