لاہور:
میچ فکسنگ میں سزایافتہ سلیم ملک نے بھی کرکٹ میں واپسی کا مطالبہ کردیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ محمد عامر، سلمان بٹ اور شرجیل خان واپس آئے، پی ایس ایل بھی کھیلے مجھے کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے، بطور کوچ خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا جائے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سابق کپتان نے کہا کہ 2008 میں عدالت نے مجھے کلین چٹ دے دی تھی، اس کے باوجود کام کرنے نہیں کرنے دیا جاتا، انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے اپیل کی کہ مجھے ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیں، کسی بھی سطح پر کوچنگ کرنا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ 1981 سے 1999 تک پاکستان کے لیے 100 سے زیادہ ٹیسٹ میچز اور 283 ایک روزہ میچ کھیلنے والے سلیم ملک نے 12 ٹیسٹ میچوں اور 34 ایک روزہ میچوں میں قیادت کے فرائض بھی انجام دیئے، میچ فکسنگ اور رشوت کے الزام میں جسٹس قیوم انکوائری رپورٹ کی روشنی میں پی سی بی نے ان پر 2000 میں تاحیات پابندی عائد کر دی تھی، بعدازاں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے 2008 میں ان پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔