ہیوسٹن(پاکستان نیوز) فرینڈز آف کراچی ہیوسٹن اور مسلم لیگ ن ہیوسٹن کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور موجودہ سینیٹر صابر شاہ کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کا آغاز شہاب علوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، فرینڈز آف کراچی ہیوسٹن کے صدر عارف علوی، جنرل سیکرٹری فیروز احمد، مسلم لیگ ن ہیوسٹن کے صدر طلحہ بخاری، جنرل سیکرٹری ظفر اقبال، پیپلزپارٹی کے رہنما ریاض حسین، کمیونٹی لیڈر محمد بیگ نے بھی خطاب کیا اور مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و سینیٹر بابر غوری نے سینیٹر صابر شاہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا، سینیٹر بابر غوری نے کہا کہ پاکستان میں آپ کی پارٹی کی حکومت ہے آپ ان درپیش مسائل کے دیر پا حل کی کوششیں کریں اوورسیز پاکستانیوں، دوہری شہریت والے پاکستانیوں کو پاکستان میں الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہونا چاہیے جیسا کہ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا میں حق حاصل ہے۔ دوہری شہریت کے حامل پاکستانی شہریوں کے بچوں کو بھی سرکاری ملازمتوں کا حق حاصل ہونا چاہیے، پاکستان مسلم لیگ ن نے 2013ء میں آئین سے کوٹہ سسٹم ختم کیا اور اس کی آئینی مدت میں توسیع نہیں کی اور میرٹ کا سسٹم نافذ کیا تھا لیکن پچھلی حکومت نے غیر آئینی طور پر اپنی کابینہ سے انتظامی بنیاد پر دوبارہ کوٹہ سسٹم نافذ کر دیا جو کہ سرا سر نا انصافی پر مبنی غیر آئینی عمل ہے آپ اس کو فوراً ختم کروا کر ملک میں یکساں میرٹ کا نظام بحال کریں ملک میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبے بنائے جائیں تاکہ پاکستان مزید مضبوط اور ترقی کرے۔ سینیٹر صابر شاہ نے اپنے خطاب میں تقریب کے انعقاد کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہاں تمام پاکستانی اپنے اپنے سیاسی نظریات کیساتھ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کا احترام کرتے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوںکی سرکاری نوکریوں اور جو پاکستانی باہر سے جب اپنے ملک واپس جاتے ہیں تو ان کے کسٹم اور دوسرے اداروں سے درپیش مسائل اور بے جا پابندیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنے کا وعدہ کیا اس موقع پر ہیوسٹن کی کاروباری شخصیات میں فیصل فرید، شکیل خان، ارشد اقبال، امیر علی، ندیم شیخ، خرم زئی، معید خان، ریحان قمر، مظفر عالم، آفتاب صدیقی، عامر سبزواری، ندیم نقوی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔