اسلام آباد (پاکستان نیوز ) بلومبرگ نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دے دیا، وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فچ اورموڈیز کی ریٹنگ بھی بہتر ہوئی ہیں، ایکسپورٹ میں 14فیصد اضافہ، شرح سود اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، پی ٹی آئی بنیادی طور پر خوفزدہ ہے کہ پاکستان ترقی نہ کرجائے۔انہوں نے نیوز کانفرنس میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور جلسے سے متعلق بڑی بڑی باتیں کی گئیں، لاہور جلسے کیلئے پی ٹی آئی کے جلسوں کو روکنے کیلئے کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی تھی، لاہور جلسے کیلئے خبردار ہوشیار کے نعرے لگائے گئے، کے پی کے قافلے ایم ون کے ذریعے سے آئے، میانوالی اور اٹک کے راستے قافلے آئے، اتنی تیاری کے ساتھ چند لوگ اکٹھے کرسکے۔پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہوگیا عوام نے ان کو مسترد کردیا ہے، مہنگائی 9.6 فیصد سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے، ان کے دور میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹ پر گئی تھی، نوازشریف کے دور میں 4فیصد تھی۔ اب ا ن کا احتجاج کس بات کا؟یہ لوگوں کو اکٹھے نہیں کرسکے، مہنگائی کم ہوئی ہے، مالیاتی ادارے کہتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، بلوم برگ نے آرٹیکل میں لکھا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ میں سے ہے۔فچ اورموڈیز کی ریٹنگ بہتر ہوئی ہیں۔ ایکسپورٹ میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب ایکسپورٹ 14فیصد اوپر جائیں گی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا، شرح سود کو کم کیا گیا جس سے پالیسی ریٹ نیچے آیا ہے ، اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، بنیادی طور پر یہ خوفزدہ ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے، آئی ایم ایف خطوط کیوں لکھے گئے، احتجاج کیوں گئے؟ان کی ہمیشہ خواہش رہی کہ ملک میں تباہی بربادی پھیلائی جائے، انارکی پھیلائی جائے۔پی ٹی آئی کے جلسوں، پریس کانفرنسز کا ایک ہی مقصد ہے کہ ہمارے لیڈر کو رہا کریں، یہ این آراو لینے کی کوشش کررہے ہیں، اس طرح این آراو نہیں ملے گا، کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا، 9مئی کے کیسز ہیں ثبوت موجود ہیں، پی ٹی آئی اپنے جلسے کا بیانیہ بتا دیں، جلسے کی ناکامی کھل کر سامنے آچکی ہے۔