احباب نے برسی کے موقع پر قرآن خوانی وفاتحہ کا اہتمام کیا ،مرحوم کی سیاسی، سماجی وکمیونٹی خدمات ناقابل فراموش ہیں:شرکاء کا خراج عقیدت
شکاگو(پاکستان نیوز) شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت، پیپلزپارٹی شکاگو کے سابق صدرPUPCکے سابق چیئرمین نعمت اللہ کی چوتھی برسی اتوار27دسمبر کو ان کے احباب نے نہایت سادگی وخلوص سے منائی۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے اپنے دور کے بہترین مقرر سیاسی وسماجی رہنما اور قانون دان چوہدری نعمت اللہ کے احباب نے ان کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی و فاتحہ کا اہتمام کیا۔اس موقع پر چوہدری نعمت کے قریبی و دیرینہ رفیق رانا جاوید نے فیصل آباد اور بعدازاں شکاگو کے حوالے سے مرحوم کے ساتھ گزاری ہوئی یادوں اور خوبصورت انداز و تقلم نیز ان کی کمیونٹی خدمات کو دہرایا۔پیپلزپارٹی کے سابق رہنما ومیرا پاکستان کے صدر آصف ملک نے چوہدری نعمت کی سیاسی جدوجہد وسماجی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔شرکاء نے چوہدری نعمت کی خوش مزاجی، بذلہ سنجی اور دوست نوازی کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔