واشنگٹن (پاکستان نیوز)پولیس نے کیپٹیل ہل کی عمارت پر بڑی دہشتگردی کارروائی کا الرٹ جاری کر دیا ہے ، یو ایس کیپیٹل پولیس کی جانب سے کسی بھی دہشتگرد گروپ کا نام نہیں لیا گیا اور عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی کیپٹیل ہل عمارت پر چھ جنوری کی طرح دہشتگردانہ حملہ ہو سکتا ہے ، پولیس کے مطابق ان کے پاس اس حوالے سے خفیہ اطلاعات موجود ہیں ، اس حوالے سے عمارت کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیاگیا ہے ، واضح رہے کہ رواں برس چھ جنوری کو ٹرمپ کے خطاب کے بعد ان کے حامیوں نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر چڑھائی کر دی تھی جس کے دوران عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ سینیٹرز نے بھاگ کر بمشکل اپنی جانیں بچائی تھیں اور اس حوالے سے سابق صدر ٹرمپ کو مواخذے کی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔