واشنگٹن (پاکستان نیوز)ڈونلڈ ٹرمپ کا مڈ ٹرم انتخابات سے قبل بزرگ شہریوں کو تقریباً 100 ڈالر کے چیک اور 5000 ڈالر ڈویڈنڈ دینے کا بڑا اعلان کر دیا۔ مڈ ٹرم انتخابات سے صرف 5 ہفتے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 20 ملین سے زائد بزرگ شہریوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا ایک اہم اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ میڈیکیئر پارٹ بی کی پریمیئم ادائیگیوں میں مدد کی غرض سے بزرگوں کو فوری طور پر تقریباً 100 ڈالر کے چیک بھیجنا شروع کر دے گی۔ صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ اس امداد کے لیے رقم 2008 میں قائم کیے گئے میڈیکیئر امپروومنٹ فنڈ سے حاصل کی جائے گی، جسے انہوں نے مخالف جماعت کا ایک فضول فنڈ قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے پارٹ بی کے پریمیئم میں پہلے ہی نمایاں کمی کی ہے، تاہم انہوں نے اس بات کی تفصیلی معلومات فراہم نہیں کیں کہ کل 68 ملین اہل افراد میں سے کتنے شہری اس سہولت سے مستفید ہوں گے یا یہ رقم ان تک کب پہنچے گی۔ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ یہ رقوم افورڈیبل کیئر ایکٹ کے تحت زائد رقم ادا کرنے والے 10 لاکھ امریکیوں کو دیے جانے والے ریفنڈ سے الگ ہیں۔ اپنے اس اعلان کو نومبر کے انتخابات سے جوڑتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اس اہم وعدے کی تکمیل کے بعد عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ اگر مڈ ٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو کامیابی حاصل ہوتی ہے تو ہر امریکی شہری کو 5000 ڈالر کا انتہائی مقبول ٹرمپ ڈویڈنڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔










