ریاض(پاکستان نیوز) سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 15 سے 34 برس کی عمر کے نوجوان کل سعودی آبادی کا 36.7 فیصد ہیں۔ بیشتر نوجوانوں کی عمریں 20 سے 24 برس کے درمیان ہیں۔ ان کا تناسب 27.6 فیصد ہے۔ سعودی لڑکیوں کی عمریں 20 سے 24 اور 25 سے 29 برس کے درمیان ہیں اور ان کا تناسب 26.2 فیصد ہے۔ 2020 میں سعودی آبادی میں بچوں اور نوجوانوں کا تناسب 67 فیصد ہے۔ العربیہ نیٹ کے مطابق محکمہ شماریات نے یہ رپورٹ 2020 کے دوران نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی ہے۔ رپورٹ کا عنوان ’سعودی نوجوان اعداد وشمار کے دائرے میں‘ ہے۔ رپورٹ سعودی نوجوانوں سے متعلق اعداد وشمار پر مشتمل ہے۔ اس میں نوجوانوں سے متعل ، سماجی، تعلیمی، ثقافتی، اقتصادی، تفریحی، صحت اور آبادی کے حوالے سے اعداد وشمار دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 15 سے 34 برس کی عمر والے سعودی نوجوان غیر شادی شدہ ہیں۔ ان کا تناسب 66.23 فیصد ہے- رپورٹ کے مطابق 75.6 فیصد سعودی نوجوانوں نے شادی نہیں کی۔ ان میں 50.4 فیصد کی عمریں 15 برس سے 34 برس کے درمیان ہیں جبکہ 25 سے 34 برس کی عمر والی لڑکیوں نے شادی نہیں کی۔ان کا تناسب 43.1 فیصد ہے جبکہ شادی شدہ سعودی خواتین کا تناسب 34.3 فیصد ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 25 سے 34 برس کی عمر والی سعودی خواتین میں طلاق کا تناسب 1.27 فیصد ہے۔ ان میں بیوہ ہونے والی خواتین کا تناسب 0.22 فیصد ہے۔ محکمہ شماریات نے رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ 15 برس سے 34 برس کی عمر والے سعودی نوجوانوں میں 5.5 فیصد لاعلاج امراض میں مبتلا ہیں۔ ان میں 5.1 فیصد لڑکے اور 5.2 فیصد لڑکیاں ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیشتر سعودی لڑکیاں اور خواتین صحت بہتر بنانے کے جذبے سے جسمانی ورزش کر رہی ہیں جبکہ لڑکے جسمانی استعداد بہتر بنانے اور تفریح کے جذبے سے یہ کام انجام دے رہے ہیں۔15 سے 34 برس کے سعودی نوجوانوں میں ناخواندگی کی شرح 2007 سے 2017 کے مقابلے میں توجہ طلب حد تک کم ہوئی ہے۔ لڑکیوں میں خاص طور پر ناخواندگی کی شرح کافی کم ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر سعودی نوجوانوں کو تعلیم کے دوران دشواریاں پیش نہیں آرہیں۔ اس حوالے سے لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان تناسب یکساں ہے۔2019 کے دوران ثانوی سکول میں 99.8 فیصد نوجوانوں نے داخلہ لیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2019 کے دوران 15 سے 34 برس کے برسرروزگار سعودی نوجوانوں کی تعداد 14 لاکھ 89 ہزار 520 ہے۔ یہ کل سعودی ملازمین کا 47 فیصد ہیں۔