کراچی:
گلوکار فیصل کپاڈیا اور بلال مسعود نے 1988ء سے قائم میوزیکل بینڈ ’’اسٹرنگز‘‘ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان میوزیکل بینڈ نے اپنے فیس بک کے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کیا۔ پوسٹ میں لکھا گیا کہ دوستوں! یہ پوسٹ معمول سے ہٹ کر ہے، ہم آج یعنی 25 مارچ کو بہت پرشکوہ انداز میں اپنے بینڈ کے اختتام کا اعلان کررہے ہیں
پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 33 برس کا عرصہ ہم دونوں کے لیے بہت شاندار رہا، اگرچہ ایسی صورتحال کم ہی پیدا ہوتی ہے تاہم ہم اپنے مداحوں کے انتہائی شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے یہ ممکن ہوا۔
اسٹرنگز نے کہا کہ چونکہ اب تکنیکی طور پر بینڈ برقرار نہیں رہا لیکن زندگی جہاں بھی لے جائے، ہم دونوں کے درمیان ناقابلِ تقسیم بندھن قائم رہے گا، ہر چیز کے لیے آپ لوگوں کا بے حد شکریہ۔
واضح رہے کہ تین دہائیوں سے میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اسٹرنگز گروپ کو کالج کے چار دوستوں نے 1988ء میں بنایا تھا جوکہ چند سال بعد ہی ٹوٹ گیا تاہم بلال مسعود اور فیصل کپاڈیا نے بینڈ کو مزید آگے لے جانے کا فیصلہ کیا اور پھر 1990ء میں ایک البم کی مقبولیت کے بعد دوسرا البم بھی جاری کیا۔
اس بینڈ کو اصل پہچان تب ملی جب انہوں نے 2000ء میں گیت ’’دور‘‘ ریلیز کیا اور پھر کامیابی کا سفر طے کرتے ہوئے اس بینڈ نے دھانی، نجانے کیوں کوئی آنے والا ہے، آخری الوداع جیسے سپر ہٹ گیت پیش کیے۔