نیویارک(پاکستان نیوز) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ فچ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشت متاثر ہوسکتی ہے، رواں سال جاری کھاتوں کا خسارہ 4 سے بڑھ کر 5 فیصد ہوسکتا ہے۔ فِچ کے مطابق جاری کھاتوں کا خسارہ 18.5 ارب ڈالرز ہوسکتا ہے، آئندہ سال پاکستان کو 20 ارب ڈالرز کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہیں، سعودی عرب اور چین کے 7 ارب ڈالر قرض کی واپسی موخر ہو سکتی ہے۔ فِچ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے، ٹیکس اصلاحات پلان پر عمل درآمد میں مشکلات ہوسکتی ہیں، پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔