سرحدی تنازع،چین نے ٹرمپ کی ثالثی مسترد کردی

0
144

بیجنگ(پاکستان نیوز )چین نے بھارت کے ساتھ سرحدی تنازع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیش کش مسترد کر دی۔بھارت کے ساتھ تنازع سے متعلق ٹرمپ کی پیشکش پر ترجمان چینی وزارت خارجہ نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان تنازع میں امریکہ اپنا مفاد حاصل کرنا چاہتا ہے ، کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی ضرورت نہیں، کورونا ویکسین پر تعاون بڑھائیں گے۔ دوسری جانب کورونا ویکسین سے متعلق چینی حکومت نے کہا کہ ان کا ملک اگر ویکسین بنانے میں کامیاب ہوتا ہے تو اس کے بعد بین الاقوامی تعاون بڑھایا جائے گا، چین عالمی عوامی بھلائی کے لیے ویکسین کی دستیابی یقینی بنائے گا تاکہ اس سے دنیا بھر میں کورونا مریضوں کا علاج ہوسکے۔ دریں اثنا بھارت نے دعوی ٰکیا کہ چین اور بھارت پرامن طریقے سے ایل اے سی مسئلے کو حل کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک پرامن طریقے سے اس مسئلے کو حل کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت جاری رہے گی۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بھارت اور چین کے ملٹری کمانڈروں کے مابین تقریبا 5 گھنٹے تک مذاکرات ہوئے ،بات چیت ایک اچھے ماحول میں ہوئی۔ بیان میں کہا گیا ہے دونوں ممالک متعدد دو طرفہ معاہدوں کے تحت سرحدی صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کرینگے ،باہمی تعلقات اور سرحدی علاقوں کی ترقی کیلئے امن ضروری ہے ، اس مسئلے کے حل اور سرحدی علاقوں میں امن کو یقینی بنانے کیلئے دونوں فریق مزید بات چیت جاری رکھیں گے ،دونوں فریقوں نے یہ بھی کہا کہ اس سال دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ہے ، ایسی صورتحال میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے مزید مذاکرات جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here