اسلام آباد/ نیویارک (پاکستان نیوز ) وزیر اعظم کے مستعفی ہونے والے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید زلفی بخاری کونام نہاد رنگ روڈ سکینڈل میں بے گناہ قرار دے دیا گیا ہے۔ سکینڈل کی 38صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ہے جس میں سید زلفی بخاری کو کلین چٹ دی گئی ہے۔اوورسیز پاکستانیز آف نارتھ امریکہ (OPNA)کی جانب سے مقدمے میں بری ہونے پر زلفی بخاری کو مبارکباد دی گئی ، تحریک انصاف امریکہ نے بھی زلفی بخاری کو نام نہاد سکینڈل میں مخالفین کو رسوا کرنے پر شاندار الفاظ میں مبارکباد پیش کی ۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے 21 ہزار صفحات کی چھان بین کی، ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی۔امریکہ سمیت دنیا بھر میں بسنے والی اوورسیز پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھیوں نے زلفی بخاری کو انکوائری میں بے گناہ قراردئیے جانے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ بالآخر حق، سچ اور زلفی بخاری کی فتح ہو ئی ہے۔عمران اگرہ کا کہناہے کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد اب سید زلفی بخاری کو فوری طور پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز کا عہدہ واپس سنبھال لینا چاہئے تاکہ وہ اوورسیز کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنے کاموں کا سلسلہ وہاں سے ہی شروع کریں کہ جہاں سے ادھورا چھوڑا تھا۔رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، رنگ روڈ کی الائنمنٹ تبدیل کرنے کی منظوری صوبائی ڈیولپمنٹ بورڈ سے نہیں لی گئی جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کا وزیراعلیٰ پنجاب سے ہدایات لینے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے ہاؤسنگ سوسائیٹیز کیلئے 5 نئی انٹر چینج تجویز کیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رنگ روڈ منصوبے میں وزیر اعظم کی ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی، پی سی ون میں تبدیلی کرنے سے منصوبے کی لاگت میں 10 ارب کا اضافہ ہوا۔