زرداری نے طبیعت بگڑنے پر امریکہ میں کاروباربلاول کے سپرد کردیئے

0
86

نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے امریکہ میںاپنے کاروباری شیئرز و دیگر مالی معاملات بیٹے بلاول بھٹو کے سپرد کر دیئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا حالیہ دورہ امریکہ اسی سلسلے کی کڑی تھا، کئی سال قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے نیویارک کے دل مین ہیٹن میں دو پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کے ساتھ مل کر چند کاروبار شروع کیے تھے جن میں آصف زرداری کے شیئرز کی تعداد زیادہ تھی تاہم مجبوریوں کے باعث سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام شیئرز اپنے کاروباری دوستوں کے نام ہی رکھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت بہت زیادہ ناساز ہونے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکہ سمیت بیرون ملک میں اپنے کاروباری اثاثے ، آمدنی کے دیگر ذرائع بلاول بھٹو کے حوالے کر دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی امریکہ آمد سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آکر تمام معاملات ابتدائی طور پر دیکھے اور وکلاء کے ساتھ مل کر تمام معاملات طے کیے جبکہ مالی اثاثوں کی منتقلی کیلئے قانونی دستاویزات بھی طے کی گئیں۔ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے دوران امریکہ میں بلاول بھٹو نے صرف ان فائلوں پر دستخط کیے اور پاکستان واپس آگئے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے دورہ امریکہ کو بہت زیادہ اہمیت دی جارہی تھی جبکہ پاکستان میں حکومتی پارٹی نے اس بارے میں پیپلز پارٹی کو کہا تھا کہ وہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکہ کی تفصیلات قوم کے سامنے لائیں۔ دوسری جانب امریکہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں نے بلاول بھٹو کے نیویارک میں قیام کے دوران کافی امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں مگر بلاول بھٹو جس مقصد کے لیے یہاں آئے تھے وہ پورا کر کے بغیر کسی سے ملے واپس روانہ ہوگئے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر چند عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو پاکستان واپس روانہ ہوگئے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here