موسمیاتی تبدیلی ، کورونا سے 5سال میں 28 کھرب ڈالر نقصان کا اندیشہ ہے: آئی ایم ایف

0
214

اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیاں اور کووڈ19 مشترکہ بحران ہیں جن کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشتیں تباہ ہو رہی ہیں اور انسانی المیے جنم لے رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا 10لاکھ افراد کی زندگیاں نگل چکی ہے اور کروڑوں بے روزگارہوئے ہیں، آئندہ پانچ سال کے دوران عالمی سطح پر 28کھرب ڈالر کے نقصانات کا اندیشہ ہے۔ دوسری جانب موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجہ میں بھی دنیا بھر میں انسان اور انکے وسائل بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے اپنے بلاگ میں کہا کہ دونوں بحرانوں سے عالمی سطح پر نہ صرف کم آمدنی والے اور غریب طبقات بلکہ امیر ممالک اور اہل ثروت افرادکو بھی مسائل درپیش ہیں۔ مستقبل کی پیش بینی اور کم تیاری کی وجہ سے دونوں بحران اقوام عالم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ عالمی برادری کے موسمیاتی تبدیلیاں اور کووڈ19 کے مشترک بحران باہمی طور پر مربوط ہیں تاہم گرین پبلک سرمایہ کاری میں اضافہ سے دونوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا کہ عالمی برادری کو اس کا احساس ہے اور معاشی بحالی کے ساتھ لوگوں کے روزگار کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم گرین پبلک سرمایہ کاری کے فروغ، مربوط اور سمارٹ فیصلوں کی ضرورت ہے تاکہ معاشی بحالی کا عمل تیز اور عام افراد پربحرانوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ آئی ایم ایف نے دنیا کو تجویز پیش کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور کووڈ19 کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی نئی ایجادات سے استفادہ کو ترجیح دی جائے۔ عالمی ادارہ نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے آئندہ چند سال کے دوران گرین پراجیکٹس پر 640 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی سے موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچا جا سکے گا اور اسی طرح کووڈ 19 کی وجہ سے معاشی بحالی کیلئے بھی عالمی سطح پر مضبوط اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here