واشنگٹن (پاکستان نیوز)صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جمہوریت کا دفاع کرنا، آزادی اور انسانی حقوق کو فروغ دینا، قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا اور ہر شخص سے عزت کے ساتھ برتاؤ کرنا امریکا کی خارجہ پالیسی اور امریکی معاشرے کی بنیادی اقدار کا اہم حصہ ہے۔ امریکہ عالمی سطح پر غیر حاضر رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ڈیلاس ٹیکساس میں مقیم کشمیری رہنما راجہ مظفر کو لکھے گئے تفصیلی خط میں صدر بائیڈن نے لکھا ہے کہ آج ہماری دنیا کو درپیش چیلنجز یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم کتنے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور تمام لوگوں کی تقدیریں کس طرح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔یوکرائن اور کشمیر پر قبضہ کے تقابلی جائزہ کے تناظر میں امریکا کی خارجہ پالیسی کے بارے میں صدر بائیڈن کو لکھے گئے خط کے جواب میں صدر نے راجہ مظفر کو مزید تحریر کیا کہ میں آپ کے پیغام کو ذہن میں رکھوں گا جب ہم اپنے وقت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کریں گے۔صدر نے دنیا کو درپیش مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خط میں لکھا کہ امریکہ عالمی سطح پر غیر حاضر رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہماری سیاسی اور معاشی قیادت کی جڑیں ہمیشہ ہماری انتہائی قابل قدر اقدار میں جڑی رہیں گی۔ ہم ہمیشہ دنیا بھر میں اپنے دوستوں اور ان لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے جو بین الاقوامی امن اور استحکام کی مضبوط بنیاد کے لیے پرعزم ہیں۔صدر بائیڈن نے کہا کہ آزادی، خودمختاری اور ہمارے مشترکہ مستقبل کے تحفظ کے لیے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرتے ہوئے، امریکی خارجہ پالیسی کے مرکز میں سفارتکاری کو بحال کر دیا ہے۔