نیویارک (پاکستان نیوز)اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی آبادی 8ارب سے بڑھ گئی ہے اور پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا تین فیصد ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچنے کو انسانی ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2030تک دنیا کی آبادی ساڑھے 8ارب ہو جانے کا امکان ہے۔ جبکہ آبادی 2050میں 9.7ارب اور2100میں 10.4ارب ہوجائے گی۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1950 کے بعد سے دنیا کی آبادی سست ترین شرح سے بڑھ رہی ہے جبکہ 2020میں آبادی کے اضافے کی شرح میں ایک فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔اعدادو شمار کے مطابق عالمی آبادی کو 7ارب سے 8ارب ہونے میں 12سال لگے۔ تاہم آبادی میں اضافے کی شرح میں کمی کے باعث آبادی کو 8 سے 9 ارب ہونے سے 15سال لگیں گے۔اندازے کے مطابق 2037 میں دنیا کی آبادی 9ارب ہو جائے گی۔ دنیا کی 8 ارب آبادی کا نصف حصہ ایشیا میں ہے۔ ایشیائی ممالک چین اور بھارت سب سے زیادہ آبادی والے ممالک ہیں۔ دونوں کی آبادی 1.4 ارب سے زیادہ ہے۔1426ملین آبادی کے ساتھ چین دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے۔ جبکہ بھارت کی آبادی اس سے صرف تھوڑی سے کم 1412ملین ہے، تاہم چین کی آبادی میں اضافے کی شرح بہت کم ہوچکی ہے جس کے باعث 2023 میں بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا تین فیصد ہے اور یہاں شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔ پاکستان ان آٹھ ملکوں میں سے ایک ہے جہاں 2050 تک دنیا کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ موجود ہوگا۔