اسلام آباد(پاکستان نیوز) تحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے قانون کہتا ہے کہ کوئی پاکستانی شہری انفرادی حیثیت میں فنڈنگ کر سکتا ہے، کمپنی کسی سیاسی جماعت کو فنڈنگ نہیں کر سکتی، دبئی سے ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے پی ٹی آئی کو 2.1ملین ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی۔ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا سوال یہ پیدا ہورہا ہے کہ ووٹن کرکٹ لمیٹڈ نے پی ٹی آئی کو اتنی فنڈنگ کیوں کی؟ سائمن کارک وال سٹریٹ جنرل کے صحافی تھے اور انہوں نے ابراج پر کتاب لکھی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ دبئی کی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کا تعلق عارف نقوی اور ابراج گروپ سے ہے اگر اس کا تعلق ابراج اور عارف نقوی سے ہے تو اس کے اور بھی برے نتائج ہیں، نیویارک میں عارف نقوی پر کیس چل رہا ہے 1بلین ڈالرز کی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ، وہ ایک ایک پیسے کو ٹریس کریں گے، عارف نقوی کے پارٹنز وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، اگر کیس نیویارک میں چلا تو ایف بی آئی بھی تحقیقات کریگی کہ پیسہ گھوم گھما کر پی ٹی آئی کے اکائونٹ میں کیسے پہنچا، ابھی کس حد تک یہاں سے فنڈنگ ہوئی یہ دیکھنا باقی ہے کیونکہ یہ تفصیلات ابھی2013 تک ہیں، اس کے بعد دھرنا بھی چلا، عارف نقوی عمران خان کی اکنامک ایڈوائزری ٹیم میں بھی تھے ، جب عارف نقوی گرفتار ہوئے تو انہوں نے فسٹ کنیکٹ کے طور پر عمران خان کا نمبر دیا تھا۔