صدر نہ بنا تو اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا: ٹرمپ

0
8

واشنگٹن(پاکستان نیوز) سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اگر میں دوبارہ صدر نہ بن سکا تو اسرائیل دو سال میں صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ میری ناکامی کی ذمہ داری امریکہ میں آباد یہودیوں پر بھی عائد ہوگی۔اسرائیلی امریکن کونسل کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ امریکہ کے یہودیوں میں میری مقبولیت اور حمایت کا گراف بلند نہیں ہو رہا۔ایک حالیہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا امریکی یہودیوں میں سے 65 فیصد ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کے حامی ہیں جو تشویشناک امر ہے ، حقیقت یہ ہے ڈیموکریٹس لبرل ہیں اور بائیں بازو کے انتہا پسند اور انقلابی عناصر مجھے قتل کرنے کے درپے ہیں، امریکی یہودیوں کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ اگر اسرائیل کو سلامت رہنا ہے تو میرا دوبارہ صدر بننا لازم ہے ، ڈیموکریٹس اسرائیل کیخلاف ہیں اور کملا ہیرس اس حوالے سے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرچکی ہیں۔واشنگٹن ہی میں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا امریکہ میں آباد یہودیوں کواپنے مستقبل کیلئے معقول ترین فیصلہ کرنا ہوگا، اگر وہ ڈیموکریٹس کو ترجیح دیں گے تو ان کیلئے مشکلات ہی پیدا ہوں گی۔دریں اثنا ر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹرزرجسٹریشن کے طریقہ کار کو چیلنج کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نان سٹیزن ووٹنگ پر پابندی کیلئے سات اہم انتخابی ریاستوں میں مقدمات دائر کردیئے ۔ٹرمپ کا کہنا تھا انتخابات کومحفوظ بنائوں گا، شہریت کے ثبوت اور ووٹر آئی ڈی کے ساتھ ووٹ ڈالنا ہوگا۔ ترجمان ٹرمپ الیکشن مہم کے مطابق ٹرمپ مقدمات کا مقصد غیرشہریوں کو ووٹ ڈالنے سے روکناہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here