بیجنگ(پاکستان نیوز) چین نے تائیوان سے کشیدہ معاملات کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیدیا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تائیوان کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ ہے ، امریکی فضائی بحری بیڑہ چند روز قبل تائیوان کے قریب مشقوں میں مصروف تھا جب کہ گزشتہ روز امریکی جنگی بحری جہاز متنازع علاقے تائیوان سٹریٹ سے گزرا تھا لہذا کیا چین کو بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے خلیج میکسیکو میں جنگی جہاز بھیجنا چاہئے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی جہاز اشتعال انگیزی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے معاملات نے نہ صرف غلط رخ اختیار کیا بلکہ تائیوان کے متنازعہ علاقے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔دوسری طرف امریکہ نے چین کو فلپائن اور تائیوان میں جارحانہ اقدام پر خبردار کیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں مختلف جزائر پر ملکیت کے حوالے سے واشنگٹن اور بیجنگ میں کشیدگی موجود ہے۔اس ضمن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ بحیرہ جنوبی چین سمیت بحر الکاہل میں فلپائن کی مسلح افواج، عوامی جہازوں یا طیاروں کے خلاف مسلح حملہ کے بعد امریکہ فلپائن میوچوئل ڈیفنس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا پابند ہے۔