سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پاکستانی امریکن تنظیمیں متحرک (لاکھوں ڈالرز کے عطیات جمع)

0
138

واشنگٹن ،شکاگو،ہیوسٹن ،نیویارک (پاکستان نیوز)پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امریکہ بھر میں پاکستانی اور مسلم تنظیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے ، فلاحی تنظیمیں دن رات ایک کر کے مصیبت اور تباہی سے دو چار سیلاب زدگان کے لیے راشن، مالی امداد جمع کر رہی ہیں،نیویارک میں چودھری اجمل اور برادر شکور عالم کی سربراہی میں الخدمت فائونڈیشن نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 4 لاکھ ڈالر کی امدادی رقم جمع کر لی ہے ، جبکہ ندیم کرمانی ، تحسین باجوہ ، ڈاکٹر نور، ڈاکٹر انعام الحق ، ڈاکٹر یونس ، وحید پراچہ سمیت کئی نامور شخصیات نے عطیات جمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اسی طرح Saasba کے زیر اہتمام زوم پر 50 ہزار ڈالر کی فنڈ ریزنگ کی گئی،اس فنڈ ریزنگ میں محسن شاہ ، ریحان مصباح، خادم سرور، وسیم سید نے کلیدی کردار اد ا کیا،فرسٹ امریکن رئیل اسٹیٹ کے محسن شاہ نے پچاس ہزار ڈالر عمران خان کی ٹیلی تھون میں دیئے، پولیس آفیسر عدیل رانا، روحیل خالد، مصباح نورسیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، اس کے علاوہ فلاحی تنظیم کوپو کے سی ای او محمد رضوی مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈ ریزنگ کا اہتمام کر رہے ہیں ،اپیک ، پاکستان لیگ آف یو ایس اے ، دیگر فلاحی تنظیموں نے فنڈ ریزنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ،پی ٹی آئی نیوجرسی چیپٹر کے صدر سیم خان نے بھی فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا جس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد رقم جمع ہوئی،کمیونٹی کی معروف شخصیات ملک سلمان ، کامران خان ، متین عباس ، صفدر مدثر ، نے بھی فنڈ ریزنگ کی ، ہیوسٹن میں الائنس فار ڈساسٹر ریلیف نے چوبیس گھنٹے میں ڈیڑھ لاکھ ڈالرز جمع کر لئے، تیس کمیونٹی تنظیموں پر مشتمل امریکہ کے سب سے بڑے الائنس کے تحت نصف ملین ڈالرز جمع کئے جائیں گے۔ الائنس کا اجلاس یہاں مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا جس میں الائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے الیاس چودھری اور ڈاکٹر یعقوب شیخ کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الائنس کے تحت جمع ہونیوالی امدادی رقم پاکستان میں ہیلپنگ ہینڈ کے نیٹ ورک کے تحت متاثرین کیلئے استعمال کی جائیگی۔انہوں نے آگاہ کیا کہ فلڈ ریلیف الائنس ہیوسٹن کیلئے ممتاز آئل ٹائیکون جاوید انور کی طرف سے 50 ہزار ڈالرز ، ممتاز بزنس مین نصرو الدین روپانی کی طرف سے 10ہزار اور ہارون شیخ کی طرف سے 25 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ممبر تنظیموں بشمول ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن APNAساؤتھ ٹیکساس چیپٹر ، اپنا الائنس ،پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے ،ہیوسٹنْ پولیس ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں کو الائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ اور الیاس چودھری نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی اور نقصانات پر بریفنگ دی اور مستقبل کے امدادی اور بحالی کے کاموں سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ کا کہنا تھا کہ الائنس کے تحت پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلے بھی کئی منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ الائنس میں شامل سرگرم تنظیموں کے رہنماؤں بشمول ہیلپنگ ہینڈ کے الیاس چودھری ، PACT کے سجاد برکی ،عاطف خان ،اسٹینٹ پولیس چیف یاسر بشیر ،پی جے سواتی ،رؤف خان ،تزین زاہدہ ،اپنا ایلائنس کے ڈاکٹر یعقوب شیخ ،بینا شیخ، PSA کی صدر ازقاء زرناب ،سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین اور دیگر نے الائنس کے پلیٹ فارم سے سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثنا پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مختلف شہروں کے ہنگامی دورے کیے، شکاگو میں ایسٹ ویسٹ یونیورسٹی میں سفیر پاکستان کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ EMU کے چانسلر ڈاکٹر وصی اللہ خان نے پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کیلئے PUBCکی جانب سے 50 ہزار ڈالرز کے عطیہ کا بھی اعلان کیا۔ شکاگو میں ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز(APA)بولنگ بروک کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے30ویں تقریب پرچم کشائی، میلہ وجشن کا انعقاد ریاست میں ہونے والی تقاریب کی نئی تاریخ رقم کرگیا۔ 27اگست کو پرفارمنگ آرٹس سینٹر میں ہونے والے ایونٹ میں نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں پاکستانیوں اور دیگر کمیونٹیز کی شرکت بلکہ وطن سے لازوال محبت کا پرجوش اظہار کیا، اس دوران پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے اپیل پر صرف پندرہ منٹ میں40ہزار ڈالرز سے زائد کی رقم جمع ہوئی جو منتظمین کے مطابق50ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔ اس ثقافتی سیشن میں موسیقی کے فرائض سید مدثر جان مال، خالد، عدیل، راجو پر مشتمل بینڈ نے کئے، تقریب میں لکی ڈراز کے ذریعے مختلف اسپانسرز کے اعلان کردہ انعامات بشمول پاکستان کے لئے ایئرٹکٹ دیئے گئے۔ واشنگٹن، ورجینیا ،میری لینڈ میں پاکستان میں سیلاب متا ثرین کیلئے سب سے پہلے امدادی کام کاآغاز میری لینڈ کے ضیاالامت فاؤنڈیشن کے زیر اہتما م الکرم سینٹر سے کیا گیا جس میں ماجد حسین ساحی، حافظ حبیب اللہ، گل شیر ساحی، کاشف خاں، طارق خاں، فضل غزنوی ،علامہ طارق ،محمود جامی، نعیم بٹ، سجاد ملک ورجینیا سے دارلنور اسلامک سینٹر کے رفیع دین کمیونٹی سے چودھری شمشاد میاں ظہیر عطا ،راجہ عاطف ،راجہ عمران، سلیم خاں، اعجاز صدیقی اس کے علاوہ امدادی کام کیلئے فنڈ ریزنگ تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، آئندہ دنوں پاکستانی امریکن ساجد تارڑ اور ان کے ساتھی امدادی سامان کے ساتھ فنڈز بھی پاکستان روانہ کریں گے ، سیلاب متاثرین کی مدد میں سوشل میڈیا نے بھی بھرپور کردارا دا کیا ہے ، آئی سی ایل آئی مسجد ، سیلڈن مسجد، بے شور مسجد میں دل کھول کر عطیات، خوراک اور ٹینٹ دیئے، مختلف مساجد سے فوڈ ، کپڑوں اور ٹینٹ کے 12کنٹینرر پاکستان بھجوائے جا چکے ہیں، اور ابھی تک سلسلہ جاری ہے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں میں اب بھی جذبہ حب الوطنی قائم و دائم ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here