اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں مفرور یا اشتہاری مجرموں کی کوریج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ سنیچر کو پیمرا کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں ان صحافیوں اور سیاستدانوں کے نام شامل ہیں جو پاکستان تحریک انصاف سے منسلک ہیں۔ پیمرا نے اپنے بیان میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو ٹی وی پر موقع دینے یا دکھانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ پیمرا کی جانب سے جاری ہدایت میں شامل ناموں میں صحافی سید اکبر حسین شاہ صابر شاکر، معید پیرزادہ، وجاہت ایس خان، عادل فاروق راجہ، حیدر رضا مہدی، شاہین صہبائی، علی نواز اعوان، فرخ حبیب، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔ پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت ان افراد کی الیکٹرانک میڈیا پر کوریج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیمرا کے مطابق ان افراد کی خبر، رپورٹ، بیانات اور ٹکرز کو نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔ پیمرا نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں نیوز چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔