لاہور(پاکستان نیوز) پاکستان جنوبی ایشیا کا دوسرا مہنگا ترین ملک قرار، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ملک میں مزیدمہنگائی کی پیشن گوئی کر دی، روپے کی قدر میں مزید گراوٹ کے خدشے کا بھی اظہار۔ تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کی معیشت سے متعلق سال 2022 کا آٹ لک جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستان کومہنگائی میں اضافے کے حوالے سے خطے کا دوسرا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میںمہنگائی کے بڑھنے کی شرح 26.6 فیصد ہے جبکہ سری لنکا مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 70.6 فیصد کیساتھ خطے کاسب سے مہنگا ترین ملک ہے۔ بنگلہ دیش میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8.9 فیصد ہے، بھارت میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 6.8 فیصد ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو پے در پے نقصان پہنچایا، پاکستان میںسیلاب سے زراعت اور لائیو اسٹاک کو بڑا نقصان پہنچا، سیلاب سے گندم کی بوئی متاثر ہو رہی ہے، سیلاب سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں مزید گراوٹ ہوسکتی ہے،پاکستان میں توانائی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں سال کے دوران مہنگائی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے، مہنگائی میں اضافے کی رفتار نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، ایک سال میںآٹا، مرغی، گوشت، انڈے، دالیں، آلو، پیاز، اورٹماٹر سمیت سب ہی اشیا بے انتہا مہنگی ہوگئیں۔