نیویارک (پاکستان نیوز) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کورونا وائرس کے حوالے سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے جس میں کورونا وائرس سے وابستہ چیلنجز، عالمی معیشت پر اس کے اثرات اور ان پر قابو پانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پاکستان اور امریکا کے سربراہان مملکت نے ٹیلی فون پر علاقائی امور سمیت پاکستان اور امریکا کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مضوط روابط کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں وائرس سے ہلاک ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے وائرس کے پھیلاو¿ پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو وبائی بیماری پر قابو پانے اور لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے لوگوں کو خصوصاً آبادی کے سب سے کمزور طبقات کو بھوک سے بچانے کے دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے متاثرہ لوگوں اور کاروباری اداروں کی مدد کے لیے 8 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور دیگر حلقوں میں امریکی حمایت کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو ضروری مالیاتی جگہ مہیا ہوگی اور وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ’قرض سے متعلق امداد پر عالمی اقدام‘ کا مطالبہ اسی تناظر میں ہے۔علاقائی تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور سیاسی تصفیے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کی سہولت کے لیے پاکستان کی حمایت کی تصدیق کی اور اگلے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس کے نتیجے میں جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال اور وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کے اظہار کی تعریف کی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں پاکستان کو امریکی امداد کا بھی یقین دلایا جس میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے ساتھ معاشی میدان میں امداد شامل ہے۔وزیراعظم عمران خان کے وائرس سے متعلق طبی ٹیسٹ کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طبی نتائج کے لیے جدید ترین تیز رفتار ٹیسٹنگ مشین وزیر اعظم کو بھیجنے کی پیش کش کی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان اور امریکا میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔اس وقت دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 26لاکھ 32ہزار 305ہوگئی ہے ، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ 83ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 7لاکھ 16ہزار 811افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں ۔امریکہ میں کورونا کے کیسوں کی مجموعی تعداد ساڑھے آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 47ہزار 520تک جا پہنچی ہے ، نیویارک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2لاکھ 62ہزار 268تک پہنچ گئی ہے جبکہ نیویارک میں اموات کی تعداد ساڑھے بیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، پاکستان میں مزید 10کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد10ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اس سے 212افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 2 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔واضح رہے ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک تعداد تقریباً 2 ہزار تک پہنچی تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک اس تعداد میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا۔اسی تناظر میں امریکا کے حوالے سے بات کی جائے تو امریکا میں اب تک 8 ہزار 29 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر جبکہ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔