نیویارک (پاکستان نیوز) کورونا وائرس سے پاکستانی کمیونٹی کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے ،رواں ہفتے 20سے زائدپاکستانی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، کورونا وائرس سے ہلاک ہونےوالوں میں اپنا کی سابق صدر ثمینہ حسیب اور ڈاکٹر محمد حسیب کے بیٹے محمد طلحہ حسیب بھی دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں ، وہ ہاروڈ یونیورسٹی کے ایک پروجیکٹ کی ریسرچ میں مصروف تھے کہ قاتل کورونا کی گرفت میں آ گئے۔ بلال مسجد کے سرگرم رکن جمیل بھی کورونا کا شکار ہو کر ہم میں نہیں رہے ہیں ، نیشنل ائیرپورٹ کے ملازم اور کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت چودھری محموداحمد بھی کورونا کے شکنجے میں آکر چل بسے ، کمیونٹی کی معروف شخصیت محمد اسحاق شغری بھی کورونا وائرس کے خلاف زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، اللہ جنت میں بلند مقام عطا فرمائے ، نیو جرسی کے مذہبی اور کمیونٹی کی معزز شخصیت ملک ابرار کورونا وائرس کی وجہ سے دو ہفتے وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد جمعرات کی شام انتقال کرگئے،امریکہ میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھنے والے کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت شفقت رسول خان 76برس کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کر چل بسے ، نیوجرسی میں سکھ کمیونٹی کی معروف شخصیت ایونیت سنگھ عرف شیری بھی کورونا کے سامنے بے بس نظر آئے اور دار فانی سے کوچ کر گئے ، نیوجرسی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیت اور پاکستانیز فار امریکہ کے بانی و صدر شفقت رسول خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے، انکی عمر 75 سال کے لگ بھگ تھی،مرحوم طویل عرصہ سے جرسی سٹی میں مقیم تھے، انکی تنظیم نے جرسی سٹی ہال میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا آغاز کیا تھا،پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹی اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔کورونا کیخلاف جنگ میں صف اول میں موجود ڈاکٹر پریاکھنہ بھی مریضوں کو ٹھیک کرتے ہوئے خود بھی زندگی کی بازی ہار گئیں ، کمیونٹی کی معروف شخصیت حسین بھائی کے چھوٹے بھائی بلال مرتضیٰ جنجوعہ بھی کورونا کا شکار ہو کر چل بسے جبکہ انجینئر یونس ابو ملاوی بھی کورونا کیخلاف جنگ ہار گئے ، ایپک کے نائب چیئرمین اور کمیونٹی لیڈر خرم خان کے سُسر خان اکرام الحق بھی کورونا کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے ۔ میری لینڈ میں چھیالیس سالہ طارق محمود بھی کرونا کا شکار ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے۔ المہندی سینٹر بروکلین کے خطیب مولانا ملک سفیر حسین علوی بھی 70برس کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کر چل بسے ، مرحوم نے 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں ۔کمیونٹی کی معروف شخصیت خرم تقی بھی 45برس کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کرزندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت ماتمی رضا شاہ بھی کورونا کیخلاف جنگ جیتنے میں ناکام رہے اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے ہیں ، المہندی سینٹر بروکلین کے متولی آغا ساجد علی شاہ جعفری دو ماہ سے کوئینز کے نرسنگ ہوم میں زیر علاج تھے، دل کا دورہ پڑنے پر وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔معروف فاطمہ بانو کے شوہر اور ثمینہ زیدی کے والد ارتض زیدی بھی کورونا کا شکار ہو کر چل بسے ہیں ، اللہ انہیں جنت میں بلند مقام عطا فرمائے ، نیویارک اور نیوجرسی کے بعد امریکہ کے ایک اور بڑے شہر شکاگو میں تین پاکستانیوں کی اموات ہوئی ہیں جن میں 72سالہ محمد اسلام المعروف اسلام بھائی (آف عثمانیہ ریسٹورنٹ )،60سالہ رفیق گرانترااور 76سالہ مشتاق بھٹی شامل ہیں۔ تینوں متوفین کی نماز جنازہ ایم سی سی اسلامک سنٹرشکاگو میں 20اپریل بروز سوموارالگ الگ ادا کی گئی۔ممتاز اسلامک ریسرچ سکالر اور پی آئی اے کے سابق ملازم اشتیاق احمد قریشی رضائے الٰہی سے اس دارٍ فانی سے کوچ کر گئے ہیں ۔نیویارک کی ممتاز ادبی شخصیت رائٹر، شاعر ادیب اشرف میاں بھی خالق حقیقی سے جا ملے۔ اشرف میاں حلقہ ارباب ذوق کے بانیان میں شامل تھے۔ نیوجرسی سٹی کی معروف شخصیت ریاض نندوالا بھی مہلک وائرس کا شکار ہو کر دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں ، سالانہ علی گڑھ مشاعرے کی جان اسلام خان بھی کورونا کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، کمیونٹی سے مرحوم کیلئے دعا کی اپیل ہے ، لانگ آئی لینڈ کی جانی مانی شخصیت اور پاکستان کے ممتاز پہلوان ، لاہور گولڈ جم کے روح رواںسابق اولمپئن حاجی پہلوان افضل بٹ 83برس کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کر خالق حقیقی سے جا ملے ہیں ۔