نیویارک (پاکستان نیوز)ایک دہائی تک اینڈریو کومو کی گورنرشپ پر حکمرانی کے بعد نیویارک کا گورنر بننے کے لیے امیدواروں کی بڑی تعداد انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ، اینڈریو کومو کے اگست 2021 میں استعفیٰ کے بعد کیتھی ہوچل جو اس وقت لیفٹیننٹ گورنر تھیں نے عہدہ سنبھالا اور بعد میں اعلان کیا کہ وہ 2022 کی دوڑ میں اپنے موجودہ عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لیں گی ۔ڈیموکریٹس اور ری پبلیکن کے امیدواروں کی جانب سے بھی الیکشن میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد کیتھی کے امکانات کم ہو گئے ہیں ، پرائمری الیکشن جون میں ہیں اور عام انتخابات نومبر 2022 میں ہوں گے۔نیویارک کے گورنر کے لیے انتخابات لڑنے والوں میں ڈیموکریٹس کی کیتھی ہوچل بھی شامل ہیں جن کو 2014 اور 2018 میں لیفٹیننٹ گورنر منتخب کیا گیا تھا۔ نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز بھی گورنر کی دوڑ میں شامل ہیں۔ وہ ڈیموکریٹک نامزدگی کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر اس دوڑ میں شامل ہوئی ہیں ، نیویارک کے وکیل جمعانے ولیمز نے 16 نومبر کو گورنر کے لیے اپنے انتخاب میں حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس نے “ہمیشہ متحرک” کے عنوان سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا ، لانگ آئی لینڈ ڈیموکریٹک کانگریس مین ٹام سوزی نے 29 نومبر کو اعلان کیا کہ وہ مسابقتی دوڑ میں شامل ہو رہے ہیں ، نیویارک کے میئر ڈی بلاسیو بھی گورنر کا الیکشن لڑنے پر غور کر رہے ہیں ، میئر کے عہدے سے پہلے، انہوں نے 2010 سے 2013 تک شہر کے عوامی وکیل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سفولک کاؤنٹی ایگزیکٹو اسٹیو بیلون ،یانکرز کے میئر مائیک سپانو ، نیو یارک سٹی کونسل کی سابق سپیکر اور سابق گورنر اینڈریو کوومو کی دیرینہ ساتھی کرسچائن کوئن ، لانگ آئی لینڈ کے کانگریس مین لی زیلڈن ، نیو یارک کے سابق میئر روڈی جیولیانی کے بیٹے اینڈریو جیولیانی ،سابق ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے ایگزیکٹو روب استورینو ، لیوس کاؤنٹی کے شیرف مائیک کارپینیلی اور پوڈ کاسٹ کے میزبان ڈیرک گبسن نے بھی نیویارک گورنر کے انتخابات میں حصہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔