اسلام آباد (پاکستان نیوز) کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمین نے صحافی ارشد شریف اور ظلِ شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا ۔ بریڈ شرمین نے پاکستان میں جمہوری اقدار کی پامالی پر مذمتی بیان جاری کیا ہے ، بریڈ شرمین نے امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات کے بعد ویڈیو بیان میں کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر امریکا میں تشویش ہے، امریکا پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ بریڈ شرمین نے عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کر روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی ارشد شریف کا قتل اور ظل شاہ پر تشدد اور قتل کسی طور بھی جمہوری ممالک کی روایت نہیں ، پاکستانی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، شہریوں کے اظہار و ابلاغ کے حق کا احترام کرے۔