واشنگٹن (پاکستان نیوز)سینیٹ نے پہلی مرتبہ مسلمان راشد حسین کو سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی مقرر کرنے کی توثیق کردی ہے۔ سینیٹ نے گذشتہ جمعرات کو 42 برس کے راشد حسین کی تقرری کی بھاری اکثریت سے توثیق کی تھی۔ کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی(یو ایس سی آئی آر ایف) نے راشد حسین کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔اس سے قبل راشد حسین اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے لیے اوبامہ انتظامیہ کے نمائندہ خصوصی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی سربراہ ندین مائنزہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘برسوں کے علم اور تجربے کی وجہ سے سفیر راشد حسین امریکی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے موزوں شخصیت ہیں۔راشد حسین حافظ قرآن ہیں، وہ پہلے مسلمان ہیں جن کو سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی مقرر کیا گیا۔عربی اور اردو زبان پر عبور رکھنے والے راشد حسین نے امریکہ میں یہود مخالف جذبات (اینٹی سیمیٹزم) کے خلاف اور مسلمان اکثریتی ملکوں میں اقلیتوں کا دفاع کیا ہے۔اکتوبر میں راشد حسین نے کہا تھا کہ ‘انہوں نے بطور امریکی مسلمان اقلیتوں کے خلاف تعصب کے اثرات دیکھے ہیں اور نوجوانوں کے لیے اس سے پیدا ہونے والے خطرات کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔