ایران ہر ہفتے اوسطا 10 افراد کو پھانسی دے رہا ہے، اقوام متحدہ

0
82

نیویارک(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ ایران نے اس سال خطرناک حد تک بڑی تعداد میں لوگوں کو سزائے موت دی ہے جہاں اوسطا یہ تعداد ہر ہفتے 10 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں یکم جنوری سے اب تک کم از کم 209 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے زیادہ تر کو بنیادی طور پر منشیات سے متعلق جرائم میں سزا دی گئی، لیکن اقوام متحدہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ سزائے موت پانے والوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ وولکر ترک نے کہا کہ ایران میں اس سال اب تک اوسطا ہر ہفتے 10 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جو اسے دنیا کے سب سے زیادہ سزا دینے والے ممالک میں سے ایک بنا دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شرح کے ساتھ ایران تشویشناک حد تک پچھلے سال کی ڈگر پر گامزن ہے جب مبینہ طور پر تقریبا 580 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔ ایران نے پیر کے روز دو افراد کو سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے الزام میں پھانسی دے دی جس کی ناصرف امریکا نے مذمت کی بلکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پھانسیوں کے حوالے سے نئی نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ہفتے کے روز ایران نے ملک مخالف سوئیڈش باشندے حبیب چاب کو دہشت گردی کے الزام میں پھانسی دی جس پر سوئیڈن اور یورپی یونین نے شدید تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ صرف گزشتہ 14 دنوں میں کم از کم 45 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے 22 بلوچ اقلیت سے تھے، زیادہ تر کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزا دی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here