نیویارک(پاکستان نیوز) امریکہ کی معروف کیب اور رائیڈ شیئرنگ سروس اوبر نے پاکستان میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔ منگل کو اوبر پاکستان نے اپنے صارفین کو اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں اوبر ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوبر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اوبر ایپ بند ہونے کے بعد ہمارا ذیلی برانڈ کریم کام کرتا رہے گا، کریم ایپ کے ساتھ پاکستان بھر میں رائیڈ ہیلنگ سروسز اور ڈرائیوروں کے لیے کمائی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اوبر نے 2019 میں اپنی حریف کمپنی کریم کو 3.1 ارب ڈالر میں خرید لیا تھا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں کمپنیاں آزاد حیثیت میں اپنے الگ نام کے ساتھ کام کریں گی۔ واضح رہے کہ 2022 میں اوبر پاکستان نے ملک کے پانچ بڑے شہروں، کراچی، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور فیصل آباد میں اپنی سروسز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور آج تک کمپنی صرف لاہور میں فعال تھی۔ حالیہ اعلان کے بعد اوبر ایپ لاہور میں بھی فعال نہیں رہے گی۔