لاہور(پاکستان نیوز) زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافے کا امکان، ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے قرضے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے منتظر پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ 55 لاکھ ڈالر فنانسگ کی منظوری دیدی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رقم سے خواتین کے لیے اصلاحات کا پروگرام شروع ہوگا، خواتین کو مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے لیے قرض تک رسائی بہتر ہوگی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فنانسنگ کی رقم میں 10 کروڑ ڈالر پالیسی قرض ہے اور اس پروگرام میں 55 لاکھ ڈالر کی گرانٹ شامل ہے ،5 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے والے اداروں کو دیے جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کو آئی ایم ایف قسط موصول ہونے کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی، پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کے معاملے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس 11 جنوری کو ہوگا، آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ ایستھر پاریز روئیز کی تصدیق کر دی،آئی ایم ایف نمائندہ نے کہا کہ آئی ایم ایگزیکٹیو بورڈ کے 11 جنوری کے اجلاس میں پاکستان ایجنڈے پر ہے،سٹینڈ بائی معاہدے کے پہلے جائزے پر آئی ایم ایف بورڈ غور کرے گا۔ دوسری جانب پاکستان کو آئی ایم ایف سے رقم ملنے کے بعد ڈالر کی قدر 250 سے 260 روپے تک آنے کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔ چیئرمین پاکستان فاریکس ایکس چینج ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوجائے گی، آئی ایم ایف سے رقم ملنے کے بعد ڈالر کی قدر مزید گر جائے گی، جس کے بعد ڈالر کی قیمت کم ہوکر 250 سے 260 روپے تک آسکتی ہے۔ ملک بوستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے جلد رقم مل جائے گی۔ عرب امارات سے بھی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔