سرفراز احمد کے بوڑھے کندھوں سے ٹیسٹ کپتانی کا بوجھ ختم

0
797

لاہور(پاکستان نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ کپتانی خطرے میں پڑ گئی اور پی سی بی کے تھنک ٹینک نے سرفراز کے متبادل کے طور پر نئے کپتان کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔32سال کے سرفراز احمد نے 13ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دئیے ہیں جہاں ٹیم پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 4ٹیسٹ جیتے اور 8میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل بورڈ نے وکٹ کیپر کو جو اس وقت قومی ٹیم کے تینوں فارمیٹ میں کپتان ہیں، ان سے طویل دورانیے کی ٹیسٹ قیادت سے علیحدہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ 2 اگست کو لاہور میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس بارے میں معاملات کو آگے بڑھائے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم سرفراز احمد کی ون ڈے اور ٹی 20 قیادت پر ابھی معاملات زیر غور ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کے متبادل کے طور پر نائب کپتان اسد شفیق کو کپتان بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ اسکے برعکس بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود کیلئے ٹیسٹ کپتانی کا قرعہ نکلنے کا قوی امکان ہے۔ 29 سال کے شان مسعود جنہیں ورلڈ کپ میں سرفراز احمد امام الحق اور فخر زمان کے ساتھ تیسرے اوپنر کی حیثیت میں لے کر جانے کے خواہش مند تھے، پاکستان کیلئے 15ٹیسٹ کی 30اننگز میں 26.43کی اوسط سے 793رنز بنا چکے ہیں۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے شان مسعود نے آخری ٹیسٹ سیریز اس سال جنوبی افریقا میں کھیلی تھی، جہاں تین ٹیسٹ میں شان مسعود نے 2نصف سنچریوں کی مدد 228رنز بنائے تھے۔شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دینے پر بورڈ میں چند افراد تحفظات کا شکار ہیں، البتہ پی سی بی کے تھنک ٹینک نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here