یروشلم(پاکستان نیوز)اسرائیلی حکام نے یروشلم کے ایک ہوٹل کے کمرے پر چھاپہ مارا ہے جسے الجزیرہ نیوز چینل اپنے دفتر کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ایک اسرائیلی اہلکار اور الجزیرہ سے وابستہ ایک ذریعے نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ چھاپہ حکومت کی جانب سے اتوار کو قطری ملکیت والے ٹی وی سٹیشن کے مقامی آپریشنز کو بند کرنے کے فیصلے کے بعد مارا گیا۔ سوشل میڈیا پر زیرِگردش ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افسران ہوٹل کے کمرے میں کیمرے کا سامان ہٹا رہے ہیں۔ الجزیرہ کے ذریعے کے مطابق یہ ہوٹل مشرقی یروشلم میں ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی کابینہ نے غزہ میں جنگ جاری رہنے تک نیٹ ورک کو بند کر دیا ہے اور کہا کہ اس سے قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔ الجزیرہ نے اسرائیلی حکومت کے اس اقدام کو مجرمانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام کہ ان کا ادارہ اسرائیل کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ایک خطرناک اور مضحکہ خیز جھوٹ ہے جس نے اس کے صحافیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ خیال رہے کہ نیٹ ورک نے غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن پر تنقید کر رہا ہے، جہاں اس کے صحافی اس پوری جنگ کی رپورٹنگ کر رہے ہیں۔