اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستانی نوجوان ملک کے حالات سے مطمئن اور وطن میں ہی بہتر مستقبل کے لیے پر امید ہیں۔ آئی پی ایس او ایس (IPSOS) کے سروے میں حقائق منظر عام پر آگئے جس سے پتا چلتا ہے کہ نو جوانوں کی بیرون ملک نقل مکانی کے تناظر میں گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ آئی پی ایس او ایس سروے کے مطابق پاکستان کے 74 فیصد نوجوان اپنے ملک میں رہنا چاہتے ہیں ۔ نوجوانوں کی اکثریت یورپ یا امریکا نقل مکانی کی بجائے سعودی عرب اور یواے ای میں کام کرنے کی خواہشمند ہے ۔ 2015 میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بیرون ملک منتقل ہوئی، آئی پی ایس اوایس کے مطابق 2024 میں حکومتی پالیسیوں سے اس میں واضح کمی واقع ہوئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق بیرون ملک نقل مکانی کے بجائے اپنے ملک میں قیام کی خواہش معاشی استحکام کو ظاہر کرتی ہے، سروے کے اعداد و شمار پاکستان کے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔