یروشلم(پاکستان نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کیلیے دنیا مزید چھوٹی ہو گئی ہے۔ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے اِن دونوں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد دنیا کے 120 سے زیادہ ممالک اب اِنہیں گرفتار کرنے کے پابند ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی کے مرتکب قرار پانے کے بعد اِن دونوں کی حیثیت مفرور مجرموں کی ہو گئی ہے۔ اگرچہ اسرائیل آئی سی سی کی اتھارٹی کو تسلیم نہیں کرتا اس لیے نیتن یاہو اور گیلنٹ خود کو عدالت کے حوالے نہیں کریں گے۔ لیکن معاہدہِ روم کے تحت آئی سی سی میں شامل تمام 124 ملک نیتن یاہو اور گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کے قانونی طور پر پابند ہیں۔ بین الاقوامی انسانی کے حقوق وکلا کا کہنا ہے کہ جو رکن ممالک اِس پر عمل نہیں کریں گے وہ خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔