واشنگٹن(پاکستان نیوز)وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہناتھا کہ اے آئی انفراسٹرکچرمیں 500ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، بہت جلد امریکا میں اے آئی انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔ میں سوچ رہا ہوں کسی سے کہہ دوں کہ ٹک ٹاک خریدے اور نصف آمدنی امریکہ کو دے دے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر کو یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے، صدر پیوٹن مذاکرات کی میز پر نہیں آئے تو ممکن ہے روس پر پابندیاں عائد کروں۔ دوسری جانب نیو جرسی اور ایریزونا کے اٹارنی جنرلز نے ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈرز کو چیلنج کر دیا۔اٹارنی جنرل کا کہناتھا کہ کسی بھی صدر کو بادشاہت کی طرز پر ملکی معاملات چلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔اٹارنی جنرل ایریزونا کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کو پیدائشی شہریت کا حق ختم کرنے کا اختیار نہیں، پیدائشی شہریت کا حق صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ہی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ مارکو روبیو کے عہدہ سنبھالتے ہی امریکی محکمہ خارجہ میں اہلکاروں کی بڑی تعداد مستعفی ہوگئی۔ علاوہ ازیں فیکٹ چیک سے ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 جھوٹ بے نقاب ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے معیشت اور مہاجرین کی امریکا میں آمد کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا۔امریکا کے نئے صدر نے جھوٹ بولا کہ چین پر ایران کا تیل نہ خریدنے کیلئے دبائو ڈالا، چین نے ایران سے پیٹرول خریدنا بند نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ ان کے سابقہ دور میں ایران کے پاس وسائل نہیں تھے۔دوسری جانب اقتدار سنبھالنے کے بعد چرچ میں ادا کی گئی پہلی دعائیہ تقریب میں ٹرانس جینڈر اور غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق پالیسی پر خاتون بشپ ماریان ایڈگر بڈے نے ٹرمپ کو براہِ راست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ دعائیہ تقریب کے خطبے میں خاتون بشپ کی اپنی پالیسی پر تنقید خاموشی سے سنتے رہے تاہم بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ ٹرمپ کا اس پر بھی خاتون بشپ پر غصہ ٹھنڈا نہ ہوا اور ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر بھی تنقید اور طنز بھری پوسٹ کر ڈالی۔امریکی صدر نے لکھا کہ نام نہاد بشپ ایک بائیں بازو کی سخت گیر اور ٹرمپ سے نفرت کرنے والی ہیں۔ جنھوں نے چرچ کو گندی سیاست میں گھسیٹا۔ ٹرمپ نے خاتون بشپ کو بدتمیز قراردے دیا۔ٹرمپ نے کہا کہ خاتون بشپ اور ان کے چرچ کو امریکی عوام سے معافی مانگنا چاہیے۔خاتون بشپ ماریان ایڈگر بڈے نے دعائیہ تقریب سے خطاب میں ٹرمپ سے کی اپیل کی تھی ہم جنس پرستوں، تارکین وطن اور ٹرانس جینڈرز پر رحم کریں۔ مزید برآں ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمدات پر ٹیرف عائد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی درآمدات پر 10 فیصد ڈیوٹی بھی یکم فروری سے تک عائد کی جا سکتی ہے۔