واشنگٹن (پاکستان نیوز) دنیابھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور آج مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا مزید ہزاروں روپے مہنگا ہو کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 5 لاکھ 64 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اس ریکارڈ توڑ اضافے کے ساتھ ساتھ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل اور سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مقامی مارکیٹ میں آنے والا یہ دوہرا جھٹکا مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک نیا معاشی بوجھ ثابت ہو رہا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایندھن اور سونے کی قیمتوں میں بیک وقت اضافے سے نہ صرف مال برداری اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھیں گے بلکہ عام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید کٹھن ہو جائے گی۔










