نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک سٹی کے سیاسی منظر نامے میں جاری تبدیلیوں کے دوران معروف آن لائن مبصر حسن ابی کی ایک حالیہ مہم نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے جس میں نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن زہران ممدانی کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت کو مبالغہ آمیز انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس مہم میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ زہران ممدانی نے محض 132 دنوں کی مختصر مدت میں ریکارڈ 12 ارب ڈالر کا بجٹ خسارہ ختم کر کے شہر کی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ مزید برآں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کی قیادت میں انتظامیہ نے 100000 سے زائد سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت کی، بدعنوان مکان مالکان پر کروڑوں کے جرمانے عائد کیے اور عارضی ملازمین کے لیے خطیر رقم محفوظ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شہر میں برف ہٹانے والے کارکنوں کی کم از کم اجرت بڑھا کر 30 ڈالر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے جبکہ سنگین جرائم کی شرح میں بھی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اعداد و شمار روایتی سیاستدانوں پر طنز اور انٹرنیٹ مہم کا حصہ ہیں، لیکن اس نے نیویارک کے شہریوں میں ایک ایسے عوامی لیڈر کی ضرورت کو اجاگر کر دیا ہے جو حقیقی معنوں میں نچلے طبقے کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ زہران ممدانی جو طویل عرصے سے مزدوروں اور کرایہ داروں کے حقوق کے لیے سرگرم ہیں، اب سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے ایک بڑے حلقے کی جانب سے شہر کے مستقبل کے سب سے مضبوط رہنما کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔













