نیویارک (پاکستان نیوز)مشی گن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 47 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی 39 سالہ بیوی اور 5 سے 15 سال کی عمر کے 6 بچوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ رپورٹس کے مطابق ملزم نے اس دلخراش اقدام سے قبل گھر کے مختلف حصوں میں آگ بھی لگائی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود پالتو جانور بھی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ امدادی اہلکاروں کو 24 جولائی کو رہائش گاہ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی، تاہم موقع پر پہنچنے پر تمام 8 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے دوران مقتولہ خاتون کی گزشتہ برس سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی گئی تحریریں سامنے آئی ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی ازدواجی زندگی شدید کشیدگی کا شکار تھی۔ مقتولہ نے اپنی تحریروں میں شوہر کی دفتر کی ایک کم عمر ملازمہ سے مبینہ بے وفائی اور مشکوک رویے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے بچوں کی خاطر رشتہ بچانے اور ازدواجی مشاورت کی ہر ممکن کوشش کی۔ مقتولہ مقامی اسکولوں میں متبادل استاد کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں جبکہ ملزم نے چند روز قبل ہی اپنی ملازمت کھو دی تھی۔ پولیس کے مطابق مبینہ بے وفائی، معاشی پریشانی اور نفسیاتی دباؤ اس المناک سانحے کا سبب بنے، تاہم واقعے کے تمام محرکات اور حقائق کو مکمل طور پر سامنے لانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔









