پاکستانی نژاد صدیق شیخ کی ورجینیا کے سمال بزنس کمیشن میں اہم تقرری

0
8

نیویارک (پاکستان نیوز)ورجینیا کے گورنر نے معروف پاکستانی امریکی کاروباری اور سماجی شخصیت صدیق شیخ کو چھوٹے کاروبار کے کمیشن (سمال بزنس کمیشن) کا رکن مقرر کر دیا ہے۔ صدیق شیخ اوکوکوان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ امریکہ پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے بانی و چیئرمین ہیں۔ وہ طویل عرصے سے امریکی ریاست ورجینیا میں تجارتی، تعلیمی اور سماجی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ ریاست کے مختلف اہم بورڈز اور تعلیمی اداروں جیسے جارج میسن یونیورسٹی کے بورڈ آف وزٹرز کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔ اس تقرری کا مقصد ریاست ورجینیا میں چھوٹے کاروباری اداروں کے فروغ، ان کی نمو اور انہیں درپیش چیلنجز کے حل کے لیے تجربہ کار کاروباری رہنماؤں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔ صدیق شیخ کی اس کمیشن میں شمولیت سے نہ صرف مقامی تاجر برادری کو فائدہ پہنچے گا بلکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری کا وقار اور اثر و رسوخ بھی مزید مضبوط ہوگا۔ پاک امریکہ تجارتی روابط کو فروغ دینے اور پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی کوششوں کو ہمیشہ سراہا گیا ہے۔ ان کی اس اہم اور پروقار عہدے پر نامزدگی کو امریکی ریاست ورجینیا میں مقیم پاکستانی برادری نے انتہائی فخر اور خوش آئند قرار دیا ہے۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here