لندن(پاکستان نیوز) خالصتان ریفرنڈم کمپین کے یوکے اور یورپ کے کوآرڈی نیٹر سرگرم خالصتانی رہنما پرم جیت سنگھ پما کی جان کو بھارتی ریاستی ایجنٹوں سے سنگین خطرات لاحق ہونے کی وارننگ برطانوی انٹیلیجنس ایجنسی ایم آئی فائیو نے دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی انٹیلیجنس نے مسٹر پما کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق خطرات کی نوعیت اس قدر سنگین ہے کہ پرم جیت سنگھ پما اب لندن کے علاقے ساوتھ آل میں اپنے گھر میں بھی مقیم نہیں رہے، جبکہ انہیں اپنی موجودہ رہائش گاہ کا مقام کسی کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ پرم جیت سنگھ پما، کینیڈا میں 2023 میں قتل ہونے والے خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجر اور سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ باقاعدگی سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہروں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن پر بھارتی مظاہرے کے جواب میں احتجاج کے دوران ان کی مودی حامیوں سے تکرار بھی ہوئی تھی۔ مسٹر پما کے مطابق وہ کافی عرصے سے برطانوی پولیس کو موصول ہونے والی دھمکیوں سے آگاہ کرتے آ رہے تھے تاہم ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد پولیس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔










