لاہور (پاکستان نیوز)اٹلی کے جنوبی علاقے کلابریا سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک منی وین کے اندر چار پاکستانی کھیت مزدوروں کو مبینہ طور پر زندہ جلا کر قتل کر دیا گیا ہے۔ اس وحشیانہ کارروائی کے پیچھے بھی پاکستانی شہری ہی ملوث نکلے ہیں جن میں سے دو ملزمان کو اطالوی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ ہولناک واقعہ کلابریا کے ایک وسیع زرعی علاقے میں واقع گاؤں امینڈولارا کے قریب ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آیا جہاں کھڑی گاڑی میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ پیٹرول پمپ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس سفاکیت کا پردہ چاک ہوا جس کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد نے پہلے باہر سے منی وین کے دروازوں کو مضبوطی سے بند کیا تاکہ اندر موجود افراد کسی صورت باہر نہ نکل سکیں اور پھر گاڑی کے اندر کوئی آتش گیر مائع یا کیمیکل پھینک کر اسے آگ لگا دی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اندر موجود چاروں تارکین وطن کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر جب آگ پر قابو پایا تو گاڑی سے چاروں پاکستانیوں کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں۔ مقامی پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل ہے اور گرفتار ملزمان کو ریمانڈ پر لے کر ان کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ زرعی علاقہ گزشتہ چند ماہ سے غیر ملکی تارکین وطن بالخصوص پاکستانیوں کے درمیان کھیتوں میں کام کی تقسیم، رہائشی کاغذات اور رہائش گاہوں کے مسائل پر شدید اختلافات اور کشیدگی کا مرکز بنا ہوا تھا۔ اس سے قبل بھی گاڑیوں کو آگ لگانے کے 14 واقعات رپورٹ ہو چکے تھے جس کا انجام اب اس ہولناک سانحے کی صورت میں ہوا ہے۔











